صفحہ اول / آرکائیو / ڈپٹی کمشنر سوات کا تحصیل بحرین دورہ، صفائی، ٹریفک اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات

ڈپٹی کمشنر سوات کا تحصیل بحرین دورہ، صفائی، ٹریفک اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات

آج ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے تحصیل بحرین کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر بحرین فیض محمد ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید اسماعیل ، ٹریڈ یونین فیڈریشن بحرین کے نمائندگان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے درال خوڑ کا معائنہ کیا اور بحرین بازار میں قائم سٹیل پُل کا بھی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے بحرین بازار کا دورہ کرتے ہوئے صفائی، سینیٹیشن، تجاوزات، ٹریفک کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ بازار میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، نکاسی آب کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سوات نے بحرین بازار میں مقامی دکانداروں سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔ دکانداروں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر بحرین فیض محمد نے ڈپٹی کمشنر سوات کو علاقے کی مجموعی صورتحال، جاری انتظامی اقدامات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ بحرین جیسے اہم سیاحتی مقام پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور بازار کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ مقامی افراد اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے