اسلام آباد – آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں عالمی سطح پر ‘نوبل امن انعام’ کے لیے نامزد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین نمبردار راجہ عظمت علی کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے اپنی پیشہ ورانہ قیادت، بصیرت اور جرات مندانہ حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا بلکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
راجہ عظمت علی کیانی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں جہاں دنیا کو متوازن اور مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، وہاں آرمی چیف کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سرحدی سلامتی کے حوالے سے کاوشیں بے مثال ہیں۔ ان کی قیادت میں پاک فوج نے قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ داخلی استحکام کے لیے بھی نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ نمبردار برادری، جو ملک بھر میں ایک مستحکم سماجی اور انتظامی حیثیت رکھتی ہے، یہ پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ عالمی ادارے جنرل عاصم منیر کی ان خدمات کو تسلیم کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ عالمی فورمز اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کریں گے تاکہ پاکستان کی عسکری قیادت کے مثبت اور امن پسند کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا سکے۔
Nambardar.pk Nambardar.pk Islamabad, Karach And Lahore.