صفحہ اول / آرکائیو / وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان بطور ثالث کردار ادا کر رہا ہے،اسحاق ڈار

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان بطور ثالث کردار ادا کر رہا ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایران پر حملے کے وقت وہ مدینہ منورہ میں موجود تھے اور وہاں سے ہدایت دی کہ پاکستان فوری طور پر ایران پر ح*ملے کی مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا اسلامی ملک تھا جس نے ایران پر حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے کچھ دیر بعد ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رابطہ کیا گیا، لیکن ایران پر حملے کے تین سے چار گھنٹوں کے اندر قریبی ممالک پر بھی ح*ملے شروع ہو گئے تھے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث اپنا کردار ادا کر رہا ہے، تاہم ایسے موقع پر تمام تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو اس تمام صورتحال میں انتہائی اہم قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ 19 مارچ کی رات وزرائے خارجہ کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، پہلے بارہ ممالک اور پھر گروپ آف فور ممالک کے درمیان بات چیت ہوئی۔ ابتدائی طور پر گروپ آف فور کی میٹنگ 28 تاریخ کو استنبول میں طے ہوئی، تاہم بعد میں یہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جہاں جنگ کے دونوں فریق بات چیت کے لیے تیار ہوئے۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ مذاکرات کو آگے بڑھاتے ہوئے چین بھی اس عمل میں شامل ہوا اور انہوں نے خود چین کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا۔ چین کے وزیر خارجہ کی دعوت پر وہ ایک دن کے لیے بیجنگ گئے تاکہ صورتحال کی سنجیدگی کے پیش نظر مشاورت کی جا سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے پہلے 6 دن اور پھر مزید 2 دن کی مہلت دی گئی جو آج ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملات کافی حد تک بہتری کی جانب جا رہے تھے، تاہم گزشتہ روز صورتحال اچانک خراب ہو گئی جب اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا اور اس کے جواب میں ایران نے سعودی عرب کے آئل ڈپو کو نشانہ بنایا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کل تک امید تھی کہ حالات مثبت سمت میں جا رہے ہیں، تاہم پاکستان کی کوشش جاری ہے کہ صورتحال کو سنبھالا جائے۔ انہوں نے دعا کی کہ حالات بہتری کی طرف جائیں۔

نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان نے اس صورتحال میں ہر ممکن کوشش کی ہے اور امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ بہت سی تفصیلات ایسی ہیں جو وقت آنے پر منظر عام پر لائی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے