وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سینئر صحافی حاجی نواز رضا کی قیادت میں نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالرزاق سیال اور سیکریٹری ڈاکٹر فرقان راؤ سمیت وفد نے ملاقات کی۔
وزیر اطلاعات نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے دونوں گروپوں ڈیموکریٹس اور جرنلسٹ پینل کے عہدیداران کو مبارکباد دی اور ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران صحافی برادری کو درپیش مسائل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے اور یہ ادارہ صحافی برادری کے مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ملاقات میں ہاؤسنگ کوٹہ، نیشنل پریس کلب کو پی ایس ڈی پی میں ملنے والی گرانٹ اور ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو پی ایس ڈی پی کے تحت نیشنل پریس کلب کی عمارت کے لئے گرانٹ کے معاملے پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے وزارت اطلاعات اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
وفد کے ارکان نے وفاقی وزیر اطلاعات کو نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی، جو عید الفطر کے بعد منعقد ہوگی، جسے وزیر اطلاعات نے قبول کر لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔
Nambardar.pk Nambardar.pk Islamabad, Karach And Lahore.