صفحہ اول / نمبردار ٹی وی / فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 274 ویں کور کمانڈر کانفرنس

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 274 ویں کور کمانڈر کانفرنس

راولپنڈی۔۔۔۔آئی ایس پی آر کے مطابق، راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

اجلاس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی قومی سلامتی کی بنیاد ہیں۔

آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جاری انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، افواجِ پاکستان اور عوام کے باہمی تعاون سے ملک میں سکیورٹی کامیابیاں مستحکم ہو رہی ہیں، معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بہتر ہو رہا ہے۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کے حمایت یافتہ تمام دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کا بلاامتیاز تعاقب کر کے انہیں ختم کیا جائے گا۔ آپریشن "غضب لِلحق” کو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور افغانستان کی سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کے سدباب تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا گیا اور تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فورم نے پاکستان کے ایک ذمہ دار علاقائی کردار کے طور پر امن و استحکام کے فروغ میں فعال کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل و صنعتی تنصیبات پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب کا تحمل قابلِ تحسین ہے، تاہم ایسے اقدامات امن کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

اجلاس میں بھارت کی جانب سے جاری بے بنیاد الزامات، غلط معلومات اور فالس فلیگ بیانیے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ حربے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور جعلی مقابلوں کے ذریعے ماورائے عدالت قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اختتامی کلمات میں آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار، مکمل آپریشنل تیاری اور بدلتے حالات کے مطابق حکمت عملی برقرار رکھیں، اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مؤثر جواب دینے اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے