اسلام آباد: آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک شاندار اور تاریخی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے اہم سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں نمبرداروں نے شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد انفارمیشن اکیڈمی کے ہال میں کیا گیا اور آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں نمبرداروں کی تاریخی اہمیت، سماجی اثر و رسوخ، ذمہ داریوں اور ریاستی نظام میں ان کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبردار ریاست اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطہ ہیں اور وہ ہر وقت عملی طور پر عوامی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔
اس موقع پر ملک بھر کے ہزاروں نمبرداران کے نمائندہ نیوز پورٹل "نمبردار نیوز” کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا جبکہ نمبردار ٹی وی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔ مقررین کے مطابق نمبردار ٹی وی علاقائی اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور نچلی سطح تک آواز پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔
کنونشن کے دوران تمام ڈیجیٹل میڈیا ہاؤسز کو منظم اور مربوط کرنے کے لیے پاکستان ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس پلیٹ فارم کے تحت خیبر سے کراچی تک مختلف اضلاع میں ڈیجیٹل میڈیا ہاؤسز کے قیام کا آغاز کیا جائے گا جبکہ نمبردار ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے اختتام پر ملک بھر سے آنے والے نمبرداران اور ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے کا اہتمام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ ورکرز کے سیکرٹری فنانس جاوید ملک، نمبردار ٹی وی کے روحِ رواں راجہ عظمت کیانی اور جاوید ملک جرنلسٹ گروپ کے چیئرمین حافظ طاہر کی جانب سے کیا گیا۔
آخر میں آل پاکستان نمبردار ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے بانی و چیئرمین اور نمبردار نیوز کے چیف ایگزیکٹو راجہ عظمت علی کیانی نے کامیاب کنونشن کے انعقاد پر ملک بھر کے نمبرداروں اور ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نمبرداروں اور ڈیجیٹل میڈیا کے تعاون کے بغیر اسلام آباد کنونشن کا انعقاد ممکن نہ تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر فورم پر نمبرداروں کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ عظمت کیانی نے وزارت اطلاعات و نشریات کا انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں پروگرام کے کرنے اور بے لوث تعاون کرنے پر وزارت اطلاعات و نشریات کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
Nambardar.pk Nambardar.pk Islamabad, Karach And Lahore.